25 فروری 2011
وقت اشاعت: 11:21
چھکوں کا نیا عالمی ریکارڈ آفریدی کے نام
اردو ٹائمز - پاکستان ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد خان آفرید ی کرکٹ کی دنیا میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی بن گئے ۔ انہوں نے ٹیسٹ ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں 352چھکے لگانے والے سری لنکا کے جے سوریا کا ریکارڈ توڑا۔جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ونڈے میں انہوں نے یہ ریکارڈ بنایا ۔ شاہدآفریدی نے ٹیسٹ کرکٹ میں 52، ون ڈے میں 279اور ٹی ٹوئنٹی میں بائیس چھکے لگا رکھے ہیں ۔ سری لنکا کے جے سوریا 352چھکے لگا کر دوسرے ، ویسٹ انڈیز کے کپتان گریس گیل 265کے ساتھ تیسرے ، بھارت کے گنگولی 247کے ساتھ چوتھے اور بھارت کے ہی سچن ٹنڈولکر 246چھکے لگا کر پانچویں نمبر پرہیں یکم مارچ 1980کو خیبر ایجنسی میں پیدا ہونے والے تیس سالہ شاہد خان آفریدی نے ستائیس ٹیسٹ میچوں میں پانچ سنچریوں اور آٹھ نصف سنچریوں کی مدد سے 1716رنز بنا ئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 48وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں ۔وہ تین سو تین ون ڈے میچوں میں چھ مرتبہ سو کا اور تیس بار پچاس کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب ہوئے اورانہوں نے چھ ہزار تین سو اکہتر رنز بنائے ۔انہوں نے ٹی ٹوئنٹی کے 39 مقابلوں میں شرکت کی اور تین نصف سنچریوں کی مدد سے 630 رنز سمیٹنے میں کامیاب ہوئے۔ ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ بھی آفریدی کے نام ہے ۔جو انہوں نے 1996 میں سری لنکا کے خلاف صرف37بالوں میں ایک سو دو رنز بنا کر حاصل کیا تھا۔اپنی جارحانہ بیٹنگ کے باعث شاہد آفریدی دنیائے کرکٹ میں بوم بوم کے نام سے بھی پہچانے جاتے ہیں اور متعدد بار اپنی گیند بازی اور بلے بازی سے ٹیم کو فتح دلا چکے ہیں ۔