5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
میڈونا نے ملاوی کے دیہاتیوں کے دل توڑ دیے
جنگ نیوز -
لندن …میڈونا نے ملاوی کے دیہاتیوں کے دل توڑ دیے ،سپر اسٹار گلوکارہ گاؤں کی لڑکیوں کو تعلیم یافتہ کرنے کے لیے اکیڈمی کی تعمیر کا وعدہ وفا نہ کرسکیں۔ میڈونا نے دو ہزار نو میں افریقہ کے ملک ملاوی کا دورہ کیا تھا۔اس دورے میں انہوں نے ملاوی کے دو بچوں کو گود بھی لیا ۔ اس وقت راک اسٹار نے چنکھوٹا گاؤں کی لڑکیوں کے لیے ایک اکیڈمی کی تعمیر کا وعدہ کیا ۔ پندرہ ملین ڈالرز کی لاگت سے تیار کی جانے والی اس اکیڈمی کو میڈونا نے ملاوی کے لیے ایک تحفہ قرار دیا۔اور اس مقصد کے لیے ایک گراؤنڈ بھی توڑ دیا گیا۔میڈونا کا کہنا تھا کہ اس اکیڈمی میں مستقبل کی پانچ سو سربراہ تعلیم حاصل کریں گی لیکن حال ہی میں میڈونا نے اپنا بیان بدل دیا ہے اور اب ان کا کہنا ہے کہ وہ چند سو نہیں بلکہ کئی طلبا تک پہنچنا چاہتی ہیں۔اسی لیے صرف ایک اسکول نہیں بلکہ سیکنڈری اسکول تعمیر کریں گی۔اس بیان پر گاؤں کے لوگ بھڑک اٹھے ہیں، جنہوں نے اسکول کا راستہ بنانے کے لیے اپنی آبائی زمینیں بھی چھوڑ دی تھیں۔ ملاوی حکومت نے بھی نوٹس لے لیا ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ ان سے کوئی مشورہ نہیں کیا گیا اور میڈونا کو اپنی اس وعدہ خلافی کی وضاحت دینا ہوگی۔لگتا ہے میڈونا نے کیمرے کے سامنے وہی وعدہ کیا تھاجو اکثر سیاستدان بھی کرتے ہیں،لیکن یہ وعدہ وفا ہونے کے چانسز ذرا کم ہی ہوتے ہیں۔