5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
پرتعیش پارلیمانی لاجز بنانے والوں نے ترقیاتی بجٹ پر چھری چلادی
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . حکومت نے اپنے اخراجات میں کمی کے نام پر عوامی بہبود کے ترقیاتی بجٹ میں سو ارب روپے کی کٹوتی کردی، جبکہ تین ارب روپے سے پارلیمنٹ لاجز کی نئی عمارت کا منصوبہ برقرار رکھا گیا ہے۔وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے کہا کہ ملک کو اس وقت بہ یک وقت تیل کی بڑھتی قیمتوں، سیلاب کے اثرات اور سکیورٹی کی خراب صورتحال کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی بجٹ280 ارب روپے سے کم کرکے180 ارب روپے کردیا گیا ہے، جبکہ آنیوالے دنوں میں اخراجات میں مزید کٹوتی کی جائیگی۔ اس کے علاوہ حکومتی اخراجات میں بھی کمی کی جائیگی۔ تیل کی بڑھتی قیمتیں معیشت کیلئے بڑا خطرہ ہیں، فروری 2010 میں تیل کی قیمتیں70 ڈالر فی بیرل پر تھیں، جو اب بڑھ کر100 ڈالر فی بیرل کے قریب آگئی ہیں۔ تیل کی قیمتوں میں اضافے کا ہماری مہنگائی اور ادائیگیوں کے توازن پر منفی اثر پڑے گا۔ حکومت چاہتی ہے کہ تیل کی قیمتیں نا بڑھیں لیکن یہ حکومت کے کنٹرول میں نہیں۔