5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
نوری آباد: بس اور آئل ٹینکر میں تصادم،آتشزدگی سے12 افراد جاں بحق
جنگ نیوز -
جامشورو ... سپر ہائی وے پر نوری آباد کے قریب مسافر بس اور آئل ٹینکر میں تصادم کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس سے بارہ افراد زندہ جل گئے جبکہ متعدد دیگر زخمی ہیں،بس میں پھنسے افراد کو نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔پولیس کے مطابق کراچی سے سکھر جانے والی مسافر بس تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر سڑک کے کنارے کھڑے آئل ٹینکر سے ٹکراگئی جس کے بعد مسافر بس اور آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی. مسافر بس میں خواتین اور بچوں سمیت 40 سے زائد افراد سوار تھے جن میں سے بیس زخمی افراد بس سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے جنہیں مقامی اسپتال کے علاوہ جامشورو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ایدھی ذرائع کے مطابق امدادی کارروائیوں کے دوران اب تک بارہ افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جن کی شناخت مشکل ہے،بتایا گیا ہے کہ بیشتر لاشیں ٹکڑوں کی شکل میں نکالی گئی ہیں۔ایس ایس پی موٹر ویز ولی اللہ ڈھل کے مطابق یہ بتانا مشکل ہے کہ بس میں مزید کتنے لوگ موجود ہیں تاہم بس کو کاٹ کر لاشوں اور زخمیوں کو نکالا جارہا ہے۔