5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
عطاآباد جھیل کا موجودہ اسپل وے بند کرنے کا کام تیزکر دیا گیا
جنگ نیوز -
گلگت…عطاآباد جھیل کے موجودہ اسپل وے کو بند کرنے اور اس کے متبادل دوسرا اسپل وے تعمیر کرنے کے منصوبے پر کام تیز کردیا گیا ہے۔ 4 جنوری 2010 کے سانحہ عطاآباد کے نتیجے میں وجود میں آنے اور بعدازاں 32 کلومیٹر تک پھیل جانے والی جھیل سے پانی کے اخراج کے لئے جو اسپل وے بنائی گئی، اس سے متعدد علاقوں اور آبادیوں کے زیر آب آنے کا سلسلہ تو ضرور رک گیا مگر اسپل وے سے توقع کے مطابق پانی کا اخراج نہ ہوسکا۔علاقے میں پھیلے پانی کے باعث شاہراہ قراقرم اور بالائی ہنزہ گوجال کا بیرونی دنیا سے ایک سال سے زمینی رابط منقطع ہے۔۔۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے ماہرین سے مشورے کی روشنی میں فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن کو ایک نئی اسپل وے کی تعمیر کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔ تاکہ اسپل وے کو 90 فٹ مزید گہرا کیا جاسکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کے ذریعے پانی کی بڑی مقدار میں اخراج ممکن ہوسکے گا۔ جھیل کا وسیع حصہ جم جانے سے کشتی سروس کی بار بار بندش کے باعث بالائی ہنزہ گوجال کی صورتحال بھی بہتر نہیں ہے۔ جس کا اعتراف خود انتظامیہ بھی کرتی ہے۔