5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ذوالقرنین کے قانونی چارہ جوئی کیلئے کوئی جواز بھی ہونا چاہئے، پی سی بی
جنگ نیوز -
لاہور…ٹیسٹ وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور انکوائری کمیٹی کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا عندیہ دیا ہے،جبکہ پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی کا کہنا ہے کہ قانونی جارہ جوئی کی کوئی وجہ بھی ہونی چاہیے۔لندن میں مقیم پاکستانی وکٹ کیپر نے سماجی ویب سائٹ فیس بک پر لکھا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو قانونی نوٹس بھیجنے کیلئے تیار ہیں۔ بورڈ نے دماغی توازن درست نہ ہونے کا کہہ کر انکی دل آزاری کی ہے، انکوائری کمیٹی میں شامل لوگوں کو بھی نوٹس بھیجا جائے گا۔ذوالقرنین پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ون ڈے سیریز کے دوران ٹیم کو چھوڑ کر لندن چلے گئے تھے۔پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے ذوالقرنین کے پیغام پر کہا ہے کہ قانونی چارہ جوئی کو کوئی جواز بھی ہونا چاہئے۔