5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
لاہور:جہاز سے گرنے والے نوجوان کی ہلاکت بدستور معمہ
جنگ نیوز -
لاہور…لاہور میں جہاز سے گرنے والے نوجوان کے ہلاکت کیس کی تحقیقات جاری ہے ،پولیس کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ حکام کی طرف سے رن وے کی ویڈیوفراہم نہیں کی جا رہی جس سے تحقیقات کیلئے ٹھوس شواہد مل سکتے ہیں۔تقریباً دو ہفتے قبل جہاز سے الفیصل ٹاؤن کے ایک مکان کی چھت سے گرنے والے نوجوان قاسم کی ہلاکت بدستور معمہ بنی ہوئی ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نوجوان کے حوالے سے جو ویڈیو دی گئی وہ کیس میں مدد گار نہیں،اصل ویڈیو رن وے کے اطراف کی ہے جو پولیس کو نہیں دی جا رہی۔ پولیس ذرائع کے مطابق اے ایس ایف حکام نے کارگو ،ڈیپارچر اور مین لاؤنجز کی ویڈیو فراہم کر دی ہے،تاہم کیس میں پیش رفت کیلئے رن وے کی فوٹیج بہت ضروری ہے جس کا فراہم نہ کرنا واقعے کو چھپانے کی کوشش ہوسکتی ہے۔