5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کوئٹہ:چہلم امام حسینکے سلسلے دو ماتمی جلوس نکالے جائیں گے
جنگ نیوز -
کوئٹہ . . . . . سیدنا حضرت امام حسین اورشہدا کربلا کے چہلم کے سلسلے میں کوئٹہ میں دوماتمی جلوس نکالے جائیں گے، اس موقع پر سیکورٹی کے سخت حفاظتی اقدامات کئے جارہے ہیں۔بلوچستان شیعہ کانفرنس کے زیر اہتمام سیدنا حضرت امام حسین اور شہدا کربلا کے چہلم کا جلوس کل صبح دس بجے علمدارروڈ سے برآمد ہوگا جو طوغی روڈ اوراس ملحقہ علاقوں کی شاہراوں سے گزرتا ہوتا ہوا بعد دوپہر ہزارہ قبرستان بہشت زہرہ جاکر اختتام پذیر ہوگا جبکہ ہزارہ ٹاون سے بھی ایک ماتمی جلوس نکالا جائیگا۔کوئٹہ میں سیدنا حضرت امام حسین اور شہدا کربلا کے چہلم کے جلوسوں کے موقع پر سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں ۔آئی جی پولیس بلوچستان ملک محمد اقبال نے جیو نیوزکو بتایا کہ آج شام سے جلوس کے روٹ کو سیل کردیا جائے گا۔جلوس میں شرکت کرنے والے افراد کوتلاشی کے بعد جلوس میں شرکت کرنے کی اجازت دی جائے گی ،دونوں جلوسوں کیلئے پولیس ،آئی ٹی ایف ،بلوچستان کانسٹبلری کے تین ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے جارہے ہیں جبکہ جلوس کی بیرونی سیکورٹی کی ذمہ داری فرنٹیر کور سنبھالے گی۔پولیس کنڑول روم میں کلوزسرکٹ کیمروں کے ذریعے جلوس کی نگرانی بھی کی جائے گی۔