5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
انقلاب مقدر بن چکا ، جرنلز اور ججز عوام کا ساتھ دینگے، الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن…متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ انقلاب ملک کامقدر بن چکا ہے،امید کرتاہوں جرنلز اور ججز انقلاب میں سرمایہ کاروں اور وڈیروں کا نہیں بلکہ عوام کا ساتھ دیں گے۔یہ بات انہوں نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پرکراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے بحال ملازمین سے ٹیلیفونک خطاب میں کہی۔ الطاف حسین نے کے ای ایس سی کے ملازمین کو بحالی پر مبارک باد دی اورکہا کہ انہوں نے ہمیشہ کہا کہ محنت کشوں کو ملازمتوں پر بحال ہونا چاہیے۔ الطاف حسین نے کہا کہ ملک کی بقا و سلامتی اور غریب عوام کوبہتر طرز زندگی فراہم کرنے کے لئے ضرورت پڑی تو فوجی وردی پہن کر ملک آجاؤں گا۔ ان کا کہناتھاکہ فوج، عدلیہ یا کوئی بھی ادارہ انقلاب میں رکاوٹ بنا تو اس کے آگے سرنہیں جھکائیں گے۔جو لوگ بار بار مارشل لا لگا سکتے ہیں وہ ملک سے بھتہ خوری، قتل و غارت گری اور جرائم کے خلاف کیوں آگے نہیں آسکتے۔ایم کیو ایم کے قائدنے صدر مملکت اور وزیراعظم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں اورفوج کواستعمال کرتے ہوئے ملک کوجرائم پیشہ افراد سے چھٹکارا دلائیں۔ان کاکہناتھا کہ پنجاب میں جرائم کی روک تھام کے لئے مارشل لا لگا کران کاخاتمہ کیا جائے اور پنجاب کے طالب علم ایم کیو ایم کا ساتھ دیں۔الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم کسی ایک زبان بولنے والے طبقے کی جماعت نہیں بلکہ پاکستان کے تمام مظلوم طبقوں کی نمائندہ جماعت ہے۔انہوں نے کہا کہ صدر مملکت اور وزیر اعظم اداروں کی نجکاری ختم کر کے چند خاندانوں کو امیر بنانے کا عمل روکیں۔