5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
رحمن ملک کی پُھرتیاں کسی کام نہیں آئیں گی،چوہدری نثار
جنگ نیوز -
اسلام آباد…قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی نے کہا ہے کہ خدارا حکومت کراچی کی چیخ و پکار پر کان دھرے اور خون خرابہ روکے ، رحمان ملک کی پُھرتیاں کام نہیں آئیں گی۔ چودھری نثارعلی خان نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اورصوبائی حکومت کراچی میں آپریشن کو تسلیم کرنے پر تیار نہیں، ہر روز ایک نیا بیان دے دیا جاتا ہے۔اس قسم کی لاعلم اور نااہل حکومت میں دہشت گردی ہی فروغ پائے گی ۔ چودھری نثارنے کہا کہ وزیراعظم گمشدہ وزیر داخلہ کو ایوان میں بلائیں تا کہ وہ کراچی کی صورتحال پر ایوان کو آگاہ کریں ، چودھری نثار نے کہا کہ وزیرمملکت نے استعفٰی دیا تو ان کے گھر چھاپا مارا گیا اور نام بھی ای سی ایل میں ڈال دیا گیا جب کہ بڑے بڑے چوروں کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالا گیا وہ آزاد گھوم رہے ہیں۔ چوہدری نثانے کہا کہ کیا ملک میں بادشاہت ہے اورپاکستان کسی کی ذاتی جاگیر ہے؟ انہوں نے ڈپٹی اسپیکر سے درخواست کی کہ وہ رکن قومی اسمبلی کی تضحیک اور بلاوجہ نام ای سی ایل میں ڈالنے کے خلاف رولنگ دیں ۔ چودھری نثارکا کہنا تھا کہ حکومت نے صدر کے دورہ امریکا بارے کوئی بیان جاری نہیں کیا، امریکی صدر سے ملاقات کس ایجنڈے پر ہوئی، قوم لا علم ہے ۔