5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کنڈیارو،ٹرک سے چارخودکش جیکٹس برآمد،دودہشت گردگرفتار
جنگ نیوز -
کنڈیارو…چہلم کے موقع پر کراچی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا،،کنڈیارو کے قریب کینوؤں سے بھرے ٹرک سے چار خودکش جیکٹس سمیت بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد کرکے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ڈائریکٹر ایکسائز سکھر احمد بخش سولنگی نے رسول آباد میں میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ایکسائز پولیس کنڈیارو نے رسول آباد کے قریب ناکہ بندی کے دوران کینوؤں سے بھرے ٹرک سے چار خودکش جیکٹس سمیت بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرکے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ قبضے میں لیے گئے اسلحے میں پچاس دستی بم، دو درجن سے زاید راکٹ لانچر اور سات کلاشن کوف سمیت منشیات بھی شامل ہے۔ ٹرک کو وزیرستان سے کراچی لے جایا جا رہا تھا جہاں پر دہشت گردوں نے چہلم کے موقع پر بڑی دہشت گردی کا منصوبہ بنارکھا تھا۔ ڈائریکٹر ایکسائز سکھر کے مطابق گرفتار ہونے والے ایک دہشت گرد غازی خان کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے جبکہ ورزک نامی دوسرا دہشت گرد ٹانک کا رہایشی بتایا جاتا ہے۔ ایکسائز پولیس کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔