5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کنڈیارو:دو دہشتگرد گرفتار،ٹرک سے خود کش جیکٹ،اسلحہ اور گولابارود برآمد
جنگ نیوز -
کنڈیارو.. . . . .. .ایکسائزپولیس نے چہلم کے موقع پر کراچی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کنڈیارو کے قریب ٹرک سے چار خودکش جیکٹس سمیت بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرکے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ڈائریکٹر ایکسائز سکھر احمد بخش سولنگی نے رسول آباد میں میڈیا سے گفت گو میں بتایا کہ ایکسائز پولیس کنڈیارو نے رسول آباد کے قریب ناکہ بندی کے دوران کینوؤں سے بھرے ٹرک سے چار خودکش جیکٹس کے علاوہ پچاس دستی بم، دو درجن سے زاید راکٹ لانچر اور سات کلاشن کوف سمیت منشیات بھی قبضے میں لے لیں۔ ٹرک وزیرستان سے کراچی لے جایا جا رہا تھا جہاں چہلم کے موقع پر بڑی دہشت گردی کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ ڈائریکٹر ایکسائز سکھر کے مطابق گرفتار ہونے والے ایک دہشت گرد غازی خان کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے جبکہ ورزک نامی دوسرا دہشت گرد ٹانک کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ ایکسائز پولیس کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنانے پر ایم کیو ایم کے ارکان سندھ اسمبلی نے ایکسائز پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔ان کے مطابق کراچی میں ہونے والی دہشت گردی کی جڑیں خیبر پختون خوا اور قبائلی علاقوں سے ملتی ہیں۔