5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
چین:بچوں کی غیر سنجیدہ حرکتوں پر پہرے لگانے کی کوشش
جنگ نیوز -
بیجنگ …پھول سے بچوں کی شوخ، چلبلی اورغیر سنجیدہ حرکتیں ہی انہیں بڑوں سے منفرد بناتی ہیں۔لیکن اگرآپ اپنے بچوں کی شرارتوں سے تنگ ہیں، انہیں بردباربنانا چاہتے ہیں تو چین کا سفر کریں۔چین کی آبادی کا آٹھواں حصہ ساٹھ سال سے زائدعمرکے افراد پر مشتمل ہے۔یہ افراد تو سنجیدہ ہیں ہی لیکن اب وہاں بچوں کو بھی رکھ رکھاؤ سکھانے اور بردباربنانے کیلئے حکومت نے انوکھافیصلہ کیاہے۔ بچوں کی دلچسپ حرکتوں سے سب ہی لطف اٹھاتے ہیں۔لیکن چینی حکومت کا خیال ہے کہ دنیا کی قدیم ترین تہذیب رکھنے والی قوم کے بچے بے ادب ہورہے ہیں۔اسی لئے وزارت تعلیم نے بچوں کو آداب سکھانے کیلئے اسکولوں کو نیاحکم جاری کیاہے۔اب پرائمری اسکول کے طلبا، بڑوں کی عزت کرنا اور کھانے کے دوران تمیز دار رویہ اختیار کرنا سیکھیں گے جبکہ مڈل اور ہائی اسکولز بچوں کو دھیمے اور شائستہ لہجے میں بات چیت،خوش لباسی اختیار کرنے کے علاوہ ای میل اور موبائل پر پیغامات بھیجنے کے طریقے سکھائیں جائیں گے۔