5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
مقبوضہ کشمیر:حریت کانفرنس کا بھارتی یوم جمہوریہ پر یوم سیاہ منانے کا اعلان
جنگ نیوز -
سری نگر…مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کل بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پریوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے، دوسری طرف انتظامیہ نے جموں کشمیر نیشنل ہائی وے اور جموں میں تمام اسکول اور کالجز بند کرادیے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت رہنماؤں کی یوم سیاہ منانے کی اپیل پر کل کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائیگی ،تجارتی مراکز ،دفاتر ،بینک اور عدالتیں بند رہیں گی ۔حریت رہنما سید علی گیلانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گرفتاریوں اور مظالم سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو نہیں روکا جاسکتا۔حریت رہنماآغا سید حسن الموسوی نے ایک اجتماع سے خطاب میں کہا کہ بھارت ہٹ دھرمی کی پالیسی ترک کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرے ۔ادھر ترال میں کشمیری عوام نے بھارتی فوج کیخلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔دوسری طرف جموں میں یوم جمہوریہ کی تیاریوں اور سکیورٹی انتظامات کے سلسلے میں اسکول ،کالجز اور جموں کشمیر نیشنل ہائی وے بند کردی گئی ہے۔