5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
لاہور: چہلم امام حسین کا جلوس جاری، سخت ترین سکیورٹی انتظامات
جنگ نیوز -
لاہور…لاہور میں شہدائے کربلا اور حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے چہلم کا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا منزل کی جانب گامزن ہے،اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔چہلم کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ دہلی گیٹ سے صبح نو بجے برآمد ہوا۔ جودہلی گیٹ اور موچی گیٹ کے علاقوں سے ہوتا ہوا مسجد وزیر خان ،کشمیری بازار،رنگ محل پانی والا تالاب،ٹیکسالی گیٹ اور اندرون بھاٹی سے ہوتا ہوا بعد نماز عشا کربلا گامے شاہ پہنچے گا۔ جلوس میں علم اور تعزیئے شامل ہیں اور عزدار نوحہ خوانی اور زنجیر زنی کر رہے ہیں ۔ شرکا نے مسجد وزیرخان کے قریب نماز ظہرین ادا کی۔جلوس کے راستوں کی فضائی نگرانی ہیلی کاپٹر کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ ڈھائی ہزار پولیس اہلکاراور سیکڑوں رضاکار چاق وچوبندفرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ عزا داروں کو چار سکیورٹی ناکوں اور واک تھرو گیٹس سے گزارا جا رہا ہے۔چہلم کے مرکزی جلوس کے راستے میں جگہ جگہ لنگراور سبیلوں کا اہتمام کیا گیا۔حضرت امام حسین کے چہلم کا مرکزی جلوس سخت حفاظتی انتظامات میں مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے۔جلوس آج رات گئے کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔لاہورمیں شہدائے کربلا اور حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے چہلم کے مرکزی جلوس کی حفاظت کیلئے ڈھائی ہزارپولیس اہلکار تعینات ہیں، دو ایس پی، انیس ڈی ایس پی اور پولیس کے چالیس انسپکٹر جلوس کے ساتھ ڈیوٹی دے رہے ہیں۔ ایلیٹ فورس کی دس گاڑیاں جلوس کے ساتھ اور دو ہیلی کاپٹر فضائی نگرانی پر مامور ہیں۔ جلوس کے راستوں میں کلوز سرکٹ کیمرے اور عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات ہیں۔