5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
راز افشا کرنیوالے امریکی فوجی کے وکی لیکس سے تعلق کے ثبوت نہ مل سکے
جنگ نیوز -
واشنگٹن …خفیہ امریکی دستاویزات سامنے لانے والی ویب سائٹ وکی لیکس اور امریکی فوج کے راز افشا کرنے کے الزام میں قید کاٹنے والے سابق امریکی فوجی براڈلے میننگ کے درمیان براہ راست تعلق کے ثبوت نہیں مل سکے۔امریکی ویب سائٹ کے مطابق امریکی فوج کو تفتیش کے دوران ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے پتہ چلا ہو کہ براڈلے نے ذاتی کمپیوٹر کی مدد سے ہزاروں فائلیں ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد براہ راست وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کے حوالے کی ہوں۔جولین اسانج ، براڈلے سے کسی قسم کے رابطے کی تردیدپہلے ہی کرچکے ہیں۔اس کے باوجودوکی لیکس نے میننگ کوسیاسی قیدہی کہتے ہوئے ان کے قانونی اخراجات پورے کرنے کیلئے پندرہ ہزار ڈالرز فراہم کئے ہیں۔براڈلے میننگ ان دنوں امریکی ریاست ورجینیا کے فوجی اڈے پر قید تنہائی کاٹ رہے ہیں۔سابق فوجی اہلکار پر امریکی فوج کی خفیہ معلومات وکی لیکس کو فراہم کرنے کا الزام ہے۔انہیں ایک ویڈیوکے منظر عام پر آنے کے بعدحراست میں لیاگیاتھا جس میں عراق میں فضائی حملے کے نتیجے میں شہریوں سمیت کئی صحافیوں کی موت بھی دکھائی گئی تھی۔