5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
فلم دوستانہ کے سیکوئل سے پریانکا باہر، کرینہ شامل
جنگ نیوز -
ممبئی …کرن جوہر کی پروڈکشن میں بننے والی رومانٹک کامیڈی فلم دوستانہ کی بے مثال کامیابی کے بعد فلم کے پروڈیوسر نے اسکے سیکوئل کا اعلان بھی کردیا تاہم فلم کے مرکزی کرداروں میں ردو بدل کی خبریں منظرِ عام پر آتی رہیں۔دوستانہ میں جان ابراہم اور ابھیشک بچن سمیت پریانکا چوپڑا نے مرکزی کردار ادا کیے تھے تاہم اس کے سیکوئل کے لیے پریانکا کی جگہ کترینہ اور دپیکا پڈکون کے نام سامنے آتے رہے۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اب اس فلم میں پریانکا کی جگہ کرینہ کپور دیسی گرل کے کردار میں رنگ بھرتی نظر آئیں گی۔فلم رفیوجی سے اپنے فلمی کیرئیر کا آغازکرنے والے ابھیشک بچن اور کرینہ کپور ایک بار پھردوستانہ2نامی اس فلم میں کافی عرصے بعد ساتھ نظر آئیں گے۔واضح رہے کہ کرینہ کپور اور ابھیشک بچن کی فیملیز کے درمیان ابھیشک اور کرشمہ کپور کا رشتہ ٹوٹ جانے کے باعث کافی عرصے سے تناؤ چل رہا ہے اور اسی لیے یہ دونوں اداکار ساتھ فلمیں کرنے سے گریز کرتے رہے ہیں۔ تاہم فلم دوستانہ کے سیکوئل کے لیے ابھیشک اور کرینہ نے ذاتی تعلقات کو پسِ پُشت رکھتے ہوئے پروفیشنلزم اختیار کرتے ہوئے ساتھ کام کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔