5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
برونائی کے سلطان کی دولت میں ہرسیکنڈ 90یورو کا اضافہ
جنگ نیوز -
بندر سری بگوان… برونائی دارالسلام کے سلطان حسن البلقیہ کی شان وشوکت کی دھوم ساری دنیا میں مچی ہوئی ہے اس کی ایک وجہ ان کابادشاہوں جیسا طرز رہائش اور شاہانہ لباس ہی نہیں ان کے زیراستعمال قیمتی اشیابھی ہیں جنہیں دیکھ کرآنکھیں چکاچوندرہ جاتی ہیں۔وہ ہروقت سونے میں تلے رہتے ہیں ۔ ایک اندازے کے مطابق ان کی دولت میں ہرسیکنڈ نوے یوروز کا اضافہ ہورہاہے۔ ہرسیکنڈ میں نوے یوروکے اضافے کامطلب ہیے کہ ان کی دولت میں ہرمنٹ پانچ ہزارچارسو ،ہرگھنٹے تین لاکھ چوبیس ہزار اورروزانہ ستترلاکھ چھیترہزاریوروبڑھ رہے ہیں۔اس طرح وہ ہرہفتے اپنی بے تحاشا دولت میں پانچ کروڑچوالیس لاکھ بتیس ہزاریوروکااضافہ کررہے ہیں۔دنیا کے امیرترین ملک کے صدر حسن البلقیہ حقیقتاًمنہ میں سونے کاچمچہ لے کرپیداہوئے۔ان کی شاہانہ زندگی کے ٹھاٹ باٹ کا اندازہ ا س بات سے لگایاجاسکتاہے کہ ان کے زیراستعمال ہرشے ہیرے،سونے ا ورچاندی سے چمکتی دکھائی دیتی ہے۔ وہ ریشم واطلس وکم خواب کے ایسے ملبوسات زیب تن کرتے ہیں جن پر سونے اورچاندی کے تاروں سے ایمبرائیڈری کاکام کیاگیا ہو۔ان کی پرتعیش طرزرہائش کی ایک جھلک ان کے محل کودیکھ کرکی جاسکتی ہے جودنیا کاسب سے بڑااورآرام دہ رائل پیلس ہے۔ ایک ہزارسات سواٹھاسی کمروں کے اس عظیم الشان محل کے ہرکمرے کی اشیا پرسونے اورہیروں کی تہ چڑھائی گئی ہے ۔ شاہی محل مین سونے اورچاندی سے مرصع دوسوستاون باتھ روم ہیں اس میں انتہائی شاندار چھ سوپچاس سوئیٹ ہیں ان میں سے ہر ایک کی تزئین وآرائش پرکم سے کم ایک لاکھ پچاس ہزاریورو لاگت آئی ہے۔ان میں نفیس اورآرام دہ فرنیجر اورشاہکارفن پارے مہمانوں کوخوش آمدید کہتے ہیں۔ حسن البلقیہ کے گیراج میں مختلف ماڈلز کی ایک سودس قیمتی کاریں فراٹے بھرنے کے لیے تیاررہتی ہیں۔رولز رائس کمپنی نے سلطان کی درخواست پر ان کی خصوصی کارڈیزائن کی ہے اوریہ وہ کارہے جو سلطان برطانیہ میں قیام کے دوران استعمال کرتے ہیں۔ ان کی ایک کارخالص سونے سے مرصع کی گئی ہے۔ ان کی ملکیت میں مجموعی طورپر ایک ہزارنوسوبتیس گاڑیاں ہیں اس کے علاوہ ا ن کے جہاز وں کے بیڑے میں ایک بوئنگ 747 میں بھی شامل ہے جسے سلطان کی ہدایت پر ازِ سر نو سونے سے ڈیزائن اور سونے سے بنی اشیا سے سجایا گیا ہے۔لاکھوں ملین مالیت کے اس طیارے کا اندرونی حصہ بالکل نئے سرے سے تخلیق کیا گیا ہے جس میں ہر چھوٹے بڑے فریم اور فرنیچر کو مکمل سونے کی پلیٹوں سے تیار کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ چھ چھوٹے ایرکرافٹ اور دو ہیلے کاپٹربھی اس شاہی بیڑے کاحصہ ہیں۔سلطان کی بیٹی کی جب شادی ہوئی تو چودہ روزتک ملک گیر جشن منایاگیا جس پر پانچ ملین ڈالر کی خطیر رقم خرچ ہوئی اوراس مین پچیس ملکوں کے سربراہان اوران کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ شادی میں شہزادی نے ہیرے کا خوبصورت تاج پہناجوملکہ برطانیہ کے تاج سے زیادہ قیمتی تھا۔