5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
جھنگ،سیلاب کے بعد سیکڑوں گھر دریائی پانی کی زد میں
جنگ نیوز -
جھنگ…ملک بھر میں تباہی مچانے والا سیلاب تو گزر چکا ہے مگر جھنگ میں دریائے جہلم کے کٹاؤ سے اسی مکانات منہدم ہوگئے ہیں اور سینکڑوں گھردریائی پانی کی زد میں ہیں ۔جھنگ کے نواحی گاؤں میں موضع عمرانہ جنوبی میں دریائے جہلم کے کٹاؤ کے باعث اسی سے زائد مکانات مکمل طور پر صفحہ ہستی سے مٹ چکے ہیں جبکہ سینکڑوں مکانات دریائی پانی کی زد میں ہیں ۔سات ہزار سے زائد نفوس پر مشتمل آبادی دریا کنارے واقع ہے اور دریائے جہلم کے کٹاؤ کے باعث پانی کا رخ اس آبادی کی طرف ہوگیا ہے اور لوگ محفوظ مقامات پر نقل مکانی پر مجبور ہیں ۔ دریا کا کٹاؤ شروع ہوئے پندرہ روز گزر چکے ہیں اور مقامی افراد کا کہنا ے کہ اگر اس کا سدباب نہ کیا گیا تو آئندہ چند روز میں پوری آبادی اس کی لپیٹ میں آسکتی ہے جس سے ہزاروں افراد متاثر ہوں گے عوام کا کہناہے کہ وہ مقامی انتظامیہ سمیت صوبائی اور وفاقی حکومت کو تحریری درخواستیں دے چکے ہیں اور کئی بار احتجاج بھی کرچکے ہیں مگر ان کی شکایت پر کان دھرنے والا کوئی نہیں ہے۔