5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
دریا ستلج میں پانی زہریلا ہوگیا، آبی حیات خطرات میں گھر گئی ہیں
جنگ نیوز -
بہاولنگر… دریا ستلج میں زہریلا پانی آنے کی وجہ سے آبی حیات خطرات میں گھر گئی ہیں۔ سیکڑوں مچھلیاں اور دیگر آبی حیات مردہ حالت میں کنارے پر موجود ہیں۔محکمہ آبپاشی ذرائع کے مطابق بہاولنگر میں واقع بھوکا پتن پل کے قریب دریا ستلج میں بی ایس لنک کینال سے زہریلا پانی آنے کی وجہ سے مچھلیاں اور دیگر آبی حیات مرر ہے ہیں۔ لاہور کے گندے پانی ، قصور کے چمڑے کی فیکٹریوں سے نکلنے والا آلودہ پانی اور ہندوستان کی جانب سے ڈرینز کے ذریعے پہنچنے والے پانی کی وجہ سے دریا ستلج میں موجود پانی زہریلا ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے دریا ستلج میں موجود آبی حیات کو نقصان پہنچ رہا ہے اور کنارے پر سیکڑوں کی تعداد میں مچھلیاں ، سانپ اور دیگر آبی حیات مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔ دوسری جانب محکمہ آبپاشی انتظامیہ کے مطابق نہروں میں بندش کی وجہ سے نہر میں صاف پانی نہیں آرہا جس کے باعث زہریلا پانی آبی حیات کیلئے نقصان دہ ثابت ہورہا ہے۔