5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
مصر ی قیادت نے امریکا کو اخوان مسلمین سے خوف زدہ کرکے رکھا، وکی لیکس
جنگ نیوز -
واشنگٹن…قاہرہ سے واشنگٹن بھیجے گئے مراسلوں سے پتہ چلتا ہے کہ مصری قیادت اخوانُ المسلمین کو امریکا کے خلاف دھمکی آمیز آلے کے طور پر استعمال کررہا ہے ۔29 جنوری 2006 کو قاہرہ میں امریکی سفیر Francis Ricciardoneنے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر رابرٹ ملر کی آمد سے پہلے مراسلہ بھیجا جس میں مصر کے معاملات پر روشنی ڈالی گئی ۔ امریکی ناظم الامور نے اپنی تحریر میں یہ لکھا کہ امریکا مصر میں بااختیار قیادت کی جانب سے سست اصلاحاتی عمل یا حکومت میں کسی شدت پسند کے انتخاب کو ہرگز برداشت نہیں کریگا جبکہ واشنگٹن ایسی جمہوریت کا بھی شدید مخالف ہے جہاں حکومت اخوان المسلمین کی سرپرستی میں آجائے ۔ امریکی ناظم الامور کا کہنا تھا کہ صدر حسنی مبارک کی حکومت کی یہ تاریخ رہی ہے کہ وہ امریکا کو اخوانُ المسلمین سے دھمکاتا آیا ہے ۔ مراسلے میں ایف بی آئی کے ڈائریکٹر رابرٹ ملر کو اس خدشے سے بھی آگاہ کیا گیا کہ شاید آپ کے مصری ہم منصب اس بات پر زور دیں کہ حالیہ پارلیمانی انتخابات میں اخوانُ المسلمین کی بڑھتی نشستوں کے بعد ملک میں جمہوری عمل تیزی سے آگے بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ اگر ایسا ہوا تو حکومت حلقوں میں شدت پسند عناصر کی شمولیت کا امکان بڑھ جائے گا۔