5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
کراچی: تنخواہ نہ ملنے پرجناح اسپتال کے کنٹریکٹ پیرامیڈیکل عملے کا احتجاج
جنگ نیوز -
کراچی...جناح اسپتال کراچی کے شعبہ نیوروسرجری میں کنٹریکٹ پر ملازمت کرنیوالے پیرامیڈیکل عملے نے چھ ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور مستقل نہ کیے جانے کیخلاف احتجاج کیا۔ اس دوران کوریج کیلئے جانیوالی میڈیا ٹیموں نے انتظامیہ نے اسپتال کے باہر روک دیا۔شعبہ نیوروسرجری کے متاثرہ ملازمین نے آل پاکستان پیپلزپیرامیڈیکل اسٹاف کے صدر سید امیر حسین شاہ کی زیرقیادت نیوروسرجری ڈپارٹمنٹ سے جناح اسپتال کے ڈائریکٹر آفس تک مارچ کیااوردھرنا دیا۔احتجاج کی کوریج کیلئے جانیوالی میڈیا ٹیموں کو انتظامیہ نے اسپتال کے مرکزی دروازے پر ہی روک دیا اور اندر جانے کی اجازت نہیں دی۔ مرکزی دروازے پر موجود سکیورٹی اہلکاروں کا کہنا تھا کہ انہیں میڈیا کو اسپتال کے اندر نہ چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔اس دوران جناح اسپتال کی انتظامیہ غائب رہی۔ رپورٹرز کی جانب سے مسلسل رابطوں کے باوجود میڈیا کو اسپتال کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔بعد میں ملازمین نے جناح اسپتال کے مرکزی دروازے کے باہر آکر احتجاج کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چار سال قبل119 افراد کو کنٹریکٹ پر بھرتی کیا گیا تھا لیکن انہیں آج تک مستقل نہیں کیا گیا۔اب انہیں گزشتہ چھ ماہ سے تنخواہیں بھی ادا نہیں کی گئیں جس کی وجہ سے وہ شدید مالی بدحالی کا شکار ہیں۔امیر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ کنٹریکٹ ملازمین کو تنخواہ ملنے اور مسائل حل ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بیورو کریسی کی ہٹ دھرمی برقرار رکھی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے تمام وفاقی اسپتالوں میں ہڑتال کی کال دی جائے گی۔