5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
پی آئی اے کی ویب سائٹ پر لاہور سے پروازوں کی بروقت روانگی کا’انکشاف‘
جنگ نیوز -
لاہور...پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال کا پروازوں کے شیڈول پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ اس بات کا انکشاف ہوا لاہور ایئرپورٹ کی ویب سائٹ سے، جہاں قومی ایئرلائن کی تمام پروازیں شیڈول کے مطابق پرواز کر رہی ہیں۔لاہور سے پرواز کرنیوالوں نے جب ایئرپورٹ کی ویب سائٹ دیکھی تو گھبرا گئے، انہوں نے فوراً پی آئی اے فون گھمایا۔ پی آئی اے والوں نے اصل حقیقت بتائی تو ان کی جان میں جان آئی۔ پی آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ قومی ایئر لائن کا کوئی جہاز نہ لاہور ایئرپورٹ سے اڑا ہے اور نہ ہی کسی نے لینڈ کیا۔ پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال پر مسافر پہلے ہی پریشان تھے، اب لاہور ایئرپورٹ کی ویب سائٹ پر گمراہ کن معلومات نے ان کی پریشانی میں اضافہ کر دیا۔ پی آئی اے حکام کے مطابق بیرون ملک چار اور اندرون ملک آٹھ پروازیں منسوخ ہوئی ہیں، ادھر ویب سائٹ میں درج ہے کہ لاہور سے جانیوالی پی آئی اے کی پروازیں وقت پر روانہ ہوئیں جبکہ لاہور آنیوالی پروازیں شیڈول کے مطابق پہنچیں۔