تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

جیو سوپر ورلڈ کپ نشریاتی حقوق کیس، پیمرا اور سیکرٹری اطلاعات کو نوٹس

جنگ نیوز -
اسلام آباد…سپریم کورٹ نے کرکٹ ورلڈ کپ کے کیبل پر نشریاتی حقوق سے متعلق پیمرا اور پی ٹی وی کے خلاف جیوسوپر کی توہین عدالت درخواست پر فریقین کو28 فروری کیلئے نوٹس جاری کردیے ہیں ۔ چیف جسٹس نے اظہار حیرت کرتے ہوئے جیو سوپر کے وکیل سے کہا کہ میں تو اس کیس پر پہلے ہی آپ کے حق میں فیصلہ دے چکا ہوں، اب کیا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے،اکرم شیخ ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ایم ڈی پی ٹی وی اور پیمرا عدالتی فیصلے کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔چیف جسٹس افتخار محمدچودھری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے جیوسوپر کی پٹیشن پر سماعت کی ۔آغازپر چیف جسٹس نے اکرم شیخ ایڈووکیٹ کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ، وہ اس معاملے میں پہلے ہی جیو سوپر کے حق میں فیصلہ دے چکے ہیں، اب پھر عدالت آنے کیلئے کیا مسئلہ ہوا ہے، اکرم شیخ نے موقف اختیار کیاہے کہ پی ٹی وی پرکرکٹ میچز نشرکرکے جبکہ کیبل آپریٹرز اوردیگر چینلز کو کرکٹ میچز دکھانے کی حوصلہ افزائی کرکے عدالتی حکم کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ کیبل پر جیو سوپر کی پوزیشن بار بار بدل کر پٹیشنر کو ہراساں کرکے بھی عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی گئی۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ توہین عدالت کرنے والوں بالخصوص ایم ڈی پی ٹی وی کو سزا دی جائے اور پی ٹی وی کو کرکٹ ورلڈ کپ کے میچز دکھانے سے روکا جائے۔ پٹیشن میں استدعا کی گئی ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ کے میچزغیر قانونی طور پر دکھانے والے کیبل آپریٹر کے خلاف موثرکارروائی کا حکم دیا جائے اور عدالتی حکم پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے غیر جانبدار کمشنر کا تقرر کیا جائے۔ عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد چیئرمین پیمرا، ایم ڈی پی ٹی وی اور وفاقی سیکریٹری اطلاعات کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت28 فروری تک ملتوی کردی ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.