تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

ورلڈ کپ : آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو باآسانی 7وکٹوں سے شکست دیدی

جنگ نیوز -
ناگپور...ورلڈ کپ کرکٹ کے سلسلے میں آج ہونیوالے پہلے میچ میں دفاعی چمپئن آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو باآسانی7وکٹو ں سے شکست دے دی۔ کیویزنے پہلے کھیلتے ہوئے کینگروز کو جیت کیلئے 207رنز کا ہدف دیا جوکہ انہوں نے 34ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ بھارتی شہر ناگپور کے ویدھار بھا کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں ہونیوالے اس میچ میں آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ،جو خاصا کارگر ثابت ہوا۔ جونسن اور شان ٹیٹ کی شاندار بولنگ نے کیوی ٹیم کو ابتدا ہی سے زبردست مشکلات سے دوچار کردیا۔17ویں اوور میں73رنز پر کیویزکے چھ مستند بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔ گپٹل 10،برینڈن مک کلم16، رائیڈر 25، راس ٹیلر7،فرینکلن اور اسٹائرس بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین چل دیے۔ جیمی ہاؤ اور ناتھن مک کلم نے مزاحمت کی اور اسکور 121رنز تک پہنچا دیا ، جیمی ہاؤ 22رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد کپتان ویٹوری نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور ناتھن مک کلم کے ساتھ مل کر اسکور 175رنز تک لے گئے۔ مک کلم 76گیندوں پر 52رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد ویٹوری 44اورساؤتھی 6 رنز پر وکٹیں گنوا بیٹھے۔ آسٹریلیا کی جانب سے جونسن 4 اور ٹیٹ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔دوسری جانب آسٹریلوی اوپنرز شین واٹسن اور بریڈ ہیڈن نے 133رنز کا شاندار اوپننگ اسٹینڈ ٹیم کو فراہم کیا، بریڈ ہیڈن نے 55اور واٹسن نے 62رنز اسکور کئے۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز کپتان رکی پونٹنگ تھے جو28گیندوں پر 12رنز بناسکے۔ان کے بعد کلارک (24)اور کیمرون وائٹ (22)نے 207رنز کا ہدف مکمل کیا۔ کینین ٹیم کو ناکوں چنے چبوانے والی کیوی ٹیم نے آج فاضل رنز بھی دل کھول کردیے ،جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتاہے کہ میچ کا تیسرا بڑا سکور فاضل رنز (32)کا تھا، جس میں تین بائی اور 29وائیڈ گیندوں کے رنز شامل تھے۔ کیویز کی جانب سے ساؤتھی نے ایک اور ہمیش بینٹ نے دو وکٹ حاصل کیں۔ مچل جونسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس میچ میں کامیابی سے آسٹریلین ٹیم نہ صرف دو قیمتی پوائنٹس حاصل کئے بلکہ چیپل ہیڈلی ٹرافی بھی جیت لی ہے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.