5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
پشاور سے گرفتار امریکی شہری کو 14روز کے ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا
جنگ نیوز -
پشاور…پشاورکی مقامی عدالت نے پاکستان میں غیرقانونی طورپرمقیم امریکی شہری آئرن مارک ڈی ہیون کو14دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ہے۔جہاں اسے عام قیدیوں کے ساتھ رکھا گیا ہے ۔گذشتہ روز نامکمل سفری دستاویز کے الزام میں گرفتار امریکی شہری آئرن مارک ڈی ہیون کو انتہائی سخت سکیورٹی میں پشاور کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پرامریکی شہری کو ہتھکڑیاں لگائی گئی تھیں۔ امریکی شہری نے عدالت کو بتایا کہ اس کے ویزے کی میعاد ختم ہو گئی تھی اور اس نے اس سلسلہ میں وزارت داخلہ کو درخواست دے رکھی ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ قدرت اللہ نے کہا کہ چونکہ اس کیخلاف14 فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اسلئے وہ اسے14 دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج رہے ہیں تاہم امریکی شہری کو ضمانت کیلئے درخواست دینے کا حق حاصل ہے۔ امریکی شہری نے عدالت کو بتایا کہ وہ گزشتہ تین سال سے پشاورمیںcatalyst کے نام سے اپنی نجی کمپنی چلا رہا ہے اوراس کے پاس ورکنگ ویزا ہے ۔آئرن ڈی ہیون کا کہنا تھا کہ اسے یقین ہے کہ عدالتیں غیر جانبدار ہیں جس پر عدالت نے امریکی شہری کو یقین دلایا کہ اس سے انصاف کیا جائیگا۔ امریکی شہری کو سینٹرل جیل پشاور میں عام قیدیوں کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ جیل حکام نے آئرن ڈی ہیون سے ایم پی فور پلیئربھی اپنی تحویل میں لے لیا ہے ۔