5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھ جائینگے ہارس ٹریڈنگ نہیں کرینگے، وزیراعظم
جنگ نیوز -
مریدکے … وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اپوزیشن میں بیٹھ جائیگی لیکن پنجاب میں ہارس ٹریڈنگ نہیں کریگی۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی ایک جماعت ملک کو مسائل سے نہیں نکال سکتی، وہ آج بھی پاکستان کے استحکام کیلئے تمام جماعتوں کو ملکر کام کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔وزیراعظم چاند باغ اسکول مریدکے میں تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ملک کو معاشی مشکلات، دہشت گردی اور انتہاپسندی سے نجات دلائے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیاست میں کوئی ڈیڈ لائن اور الٹی میٹم نہیں ہوتا۔ مسلم لیگ ن نے وفاقی کابینہ چھوڑی لیکن ان کی حکومت اب بھی چل رہی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چاروں صوبے بلدیاتی انتخابات تو کرا نہیں سکتے جنرل الیکشن کیسے کرائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ سے دو سو گھنٹے مذاکرات کئے اب بھی وہ مطمئن نہیں تو ان کی مرضی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا اکہ وہ آج بھی نواز شریف کی عزت کرتے ہیں اور رائے ونڈ کو اپنا گھر سمجھتے ہیں۔