5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
لیبیا 2009میں امریکی پابندیوں سے تنگ آچکا تھا، وکی لیکس
جنگ نیوز -
کراچی…وکی لیکس نے انکشاف کیا ہے کہ دو ہزار نو میں لیبیا کے حکمران کرنل معمر القذافی کے بیٹے سیف السلام قذافی نے امریکی سفیر سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ ایٹمی پروگرام کے تابوت میں آخری کیل ٹھوکنے کے باوجود واشنگٹن کی پابندیوں سے طرابلس اب تنگ آچکا ہے ۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دو ہزار نو کے آخر میں امریکی سفیر Gene A. Kretz نے طرابلس میں سیف السلام قذافی سے ملاقات کی جس میں مہلک ہتھیاروں کی خریداری پر واشنگٹن کی جانب سے پابندی برقرار رکھنے کا معاملہ اٹھایا ۔ مراسلے کے مطابق سیف السلام قذافی نے کہا تھا کہ لیبیا ، دو ہزار تین میں اپنا ایٹمی پروگرام رول بیک کرچکا ہے لیکن چھ سال گزرنے کے باوجود واشنگٹن نے ہتھیاروں کی خریداری کیلئے لیبیا پر پابندی عائد کررکھی ہے ۔ سیف السلام قذافی کا کہنا تھا کہ طرابلس کی قیادت امریکی انتظامیہ کے اس رویے سے اب تنگ آچکی ہے ۔ دوہزار تین میں لیبیا کے ایٹمی پروگرام کو تلف کرانے میں اہم کردار ادا کرنے والے امریکی عہدیدار رابرٹ جوزف نے امریکی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر لیبیا کا ایٹمی پروگرام ختم نہ کیا جاتا تو آج وہاں آنیوالے انقلاب کے دوران قذافی قیادت جوہری ہتھیاروں کو استعمال کرکے بھیانک تاریخ بھی رقم کرسکتی تھی ۔