5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
بحرین اورعمان میں بھی حکومت مخالف مظاہرے جاری
جنگ نیوز -
منامہ ... بحرین اور سلطنت عمان میں بھی حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں،منامہ میں حکومت کی حمایت میں بھی مظاہرہ کیا گیا۔بحرین کے دارالحکومت منامہ میں بدھ کو ہزاروں افراد نے پرل اسکوائر اور وزارت داخلہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے،مظاہرین نے گزشتہ دنوں گرفتار کیے گئے کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔مظاہرین بینر اٹھائے ہوئے تھے جن پر تحریر تھا،”نکل جاؤ،مذاکرات نہیں کریں گے“۔منامہ کی سڑکوں پر حکومت کے حامی ہزاروں افراد نے بھی مظاہرہ کیا،ان کا کہنا تھا کہ دس سال قبل کی جانے والی سیاسی اصلاحات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔بدھ کو مسقط میں عمانی تاریخ کا سب سے بڑا مظاہرہ کیا گیا،مظاہرین سیاسی اصلاحات اور تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کر رہے تھے۔انھوں نے ملک میں جمہوریت اور آئین سازی کا مطالبہ بھی کیا۔