5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
جاپان کا چین کو اربوں ین امداد کے خاتمے کا اعلان،چین ناراض
جنگ نیوز -
ٹوکیو…عرفان صدیقی… معاشی ترقی میں جاپان کو پیچھے چھوڑنے اور دنیا میں دوسری بڑی معیشت بننے کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد جاپان نے چین کو سالانہ اربوں ین کی امداد کے خاتمے کا اعلان کردیا ہے ،اس حوالے سے جاپانی حکومت کا کہنا ہے کہ چین جاپان کو معاشی ترقی میں پیچھے چھوڑ چکا ہے لہذا چین کو امداد دینا بے معنی ہے ، تاہم چینی حکام نے جاپان کی جانب سے امداد کی بندش پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے ، تفصیلات کے مطابق دنیا کی دوسری بڑی معیشت کا خطاب حاصل کرکے جہاں چین نے دنیا بھر میں اپنا لوہا منوایا ہے وہیں اپنے لیئے جاپان کی اربوں ین کی امداد سے بھی ہاتھ دھونا پڑے ہیں ، جاپان وزارت خارجہ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ تیس سالوں میں جاپان چین کو تین اعشاریہ تین ٹریلین ین کاقرض فراہم کرچکا ہے جبکہ ایک سو چوون ارب ین بطور امداد دینے کے علاوہ ایک سو ستر ارب ین تکنیکی تعاون کے طور پر فراہم کرچکا ہے تاہم اب جاپانی وزیر خارجہ سیجی مائی ہارانے جاپانی حکام کو ہدایات کی ہے کہ فوری طور پر چین کے لیئے مخصوص امدادی رقم کو معطل کردیا جائے جبکہ نئے بجٹ میں بھی چین کے لیئے کسی طرح کی امداد کے لیئے رقم مختص نہ کی جائے ، دوسری جانب چینی حکام کا کہنا ہے کہ چین میں ابھی بھی پندرہ کڑوڑ لوگ غربت کی لکیر سے نیچی زندگی گزار رہے ہیں جو جاپان کی مجموعی آبادی سے بھی زیادہ ہیں۔