تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48

طوفانی بارشیں: نوشہر ہ ، ڈی آئی خان میں 6افراد جاں بحق، نوشکی میں بند بہہ گیا

جنگ نیوز -
اسلام آباد…ملک کے شمالی و بالائی علاقوں کے متعددمقامات پر بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مسلسل بارشوں کے بعد ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ بارشوں کے باعث نوشہرہ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں مکانات کی چھتیں گرنے سے چار بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق ہوگئے۔گلگت بلتستان ڈویژن کے دونوں اضلاع اسکردو اور گانچھے سمیت ضلع استور اور غذر میں بھی برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلسل برف باری اور بارشوں کے باعث اسلام آباد سے اسکردو کی پروازیں6 روز سے معطل ہیں ۔مانسہرہ، کوہستان اور بٹگرام میں دو روز مسلسل جاری رہنے والی بارش اور برفباری کا سلسلہ تھم گیا ہے۔ بارش اور لینڈ سلائڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم ضلع کوہستان میں جیجال کے مقام پر ٹریفک کیلئے بند ہوگئی۔وادی نیلم،وادی لیپہ،سدن گلی ،کیل اور تاؤ بٹ کے مقامات پر برف باری ہوئی ہے۔بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ آج تیسرے روز بھی جاری ہے۔ پہاڑوں سے آنیوالے بارش کے پانی کوروکنے کیلئے نوشکی میں بنائے گئے بندسیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں ۔جعفرآباد میں رات سے جاری بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ شمالی بلوچستان کے علاقوں چمن ، پشین ، زیارت ، لوارلائی ،ژوب سمیت مختلف علاقوں میں تین روز سے جاری بارش، جبکہ پہاڑی علاقوں پر برف باری اور ژالہ باری کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں درازندہ ایف آر شیرانی کے علاقے خوارہ خیل میں بارش کی وجہ سے کچے مکان کی چھت گرگئی جس سے تین بچے جاں بحق ہوگئے۔ادھرنوشہرہ میں رسالپور کے علاقے خطاب کلے میں بھی مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے3افراد جاں بحق ہوگئے۔ضلع دادوکے علاقے کاچھو اور جوہی کے قرب و جوار میں طوفانی بارشوں سے کروڑوں روپوں کی گندم کی تیار فصل کو نقصان پہنچا ہے۔ بارش کے سبب گاجی شاہ کے میلے میں عورتیں اور بچے پھنس کر رہ گئے جبکہ کچے مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.