5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
پٹرولیم قیمتوں میں کمی: ملکی خزانے پر مزید بوجھ پڑے گا
جنگ نیوز -
کراچی...حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے جہاں مہنگائی کے طوفان میں کچھ کمی واقع ہوگی، وہاں دوسری جانب ملکی خزانے پر مزید بوجھ پڑے گا۔ معاشی ماہرین کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رواں ماہ کے آغاز پر اضافے میں50 فیصد کمی کے فیصلے سے حکومت کو ماہانہ تقریباً3ارب روپے ملکی خزانے سے اضافی سبسڈی دینی پڑے گی ۔اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتیں102 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہیں اور بین الاقوامی سطح پراضافے کو دیکھتے ہوئے حکومت کیلئے قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے ۔کچھ ماہرین کا کہنا یہ بھی ہے کہ حکومت کو ایک طرف تو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا بوجھ خود برداشت کرنا چاہیے تو دوسری جانب اس بوجھ کو برداشت کرنے کیلئے محصولات کے دائرہ کار میں اضافہ کرنے کے لیے ٹیکس چوری کو روکنے کے ساتھ ساتھ ان شعبوں کو ٹیکس کے جال میں لانا چاہیے جو اب تک ٹیکس سے مبرا ہیں ۔