5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:48
ممتاز شاعر عزم بہزاد انتقال کرگئے، کراچی میں تدفین
جنگ نیوز -
کراچی....اردو کے ممتاز شاعر عزم بہزاد دل کا دورہ پڑنے کے باعث کراچی میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 48برس تھی۔انہوں نے پسماندگان میں ایک بیوہ ،دو بیٹے اور ایک بیٹی کو سوگوار چھوڑا ہے۔ عزم بہزاد کا مجموعہٴ کلام ”تعبیر سے پہلے“ تقریباً چھ سال پہلے شائع ہوا تھا۔ ان کی نماز جنازہ نارتھ کراچی میں ادا کی گئی اور محمد شاہ قبرستان میں سپردخاک کیا گیا۔ نماز جنازہ اور تدفین میں انورشعور، صابر ظفر، خواجہ رضی حیدر، لیاقت علی عاصم، ڈاکٹر شاداب احسانی، فاضل جمیلی، جاوید صبا، راشد نور، اختر سعیدی، اجمل سراج، فیاض وید، علی زبیر، اوج کمال، اقبال خاور، انورجاوید ہاشمی، میم میم مغل، ساجد کرن، احمد امتیاز، سجاد ہاشمی سمیت شہر کے دیگر ادیبوں، شاعروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ عزم بہزاد کا سوئم 6مارچ بروز اتوار، ظہر تا عصر مسجد ابوبکر صدیق، سیکٹر 8، نارتھ کراچی میں ہو گا۔ دریں اثناء آرٹس کونسل آف پاکستان کے صدر احمدشاہ اور کراچی پریس کلب کے نائب صدر اور ادبی کمیٹی کے چیئرمین فاضل جمیلی نے عزم بہزاد کی اچانک رحلت پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے اردو شاعری کیلئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔