29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
گلگت : نلت میں برفانی تودہ گرنے سے شاہراہ قراقرم ٹریفک کیلئے بند
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . . . . بیشتر بالائی علاقوں میں برفباری اور بارش سے رابطہ سڑکیں بند ہیں جس سے لوگوں کو آمد ورفت میں مشکلات کا سامنا ہے ادھر گلگت کے قریب نلت میں برفانی تودہ گر نے سے شاہراہ قراقرم پر ٹریفک بند ہے۔اسکردو،غذر ، استور اور ہنزہ نگر کے شہری علاقوں میں موسم ابر آلود ہے اور سردہوائیں چلنے سے ٹھنڈ بڑھ گئی ہے اوربرف کی وجہ سے رابطہ سڑکیں بند ہیں۔گلگت میں نلت کے مقام پر برفانی تودہ گرنے سے شاہراہ قراقرم ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہوگئی ہے ۔ چترال شہر اور گردونواح میں چار روز سے برفباری ہورہی ہے ۔لواری ٹنل کوبرف ہٹا کر گزشتہ روز ٹریفک کیلئے کھول دیاگیا تھا تاہم آج پھر برف جمع ہو جانے کی وجہ سے اسے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیاگیا ہے ۔چترال کے بیشتر علاقوں میں جلانے کی لکڑی دستیاب نہیں ہے جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔لوئر دیر میں تین دن سے وقفے وقفے سے بارش جاری ہے اور پہاڑوں پر برف باری بھی ہوئی ہے۔علاقے میں سردی کی شدت میں اضافہ کے بعد لکڑی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔شمالی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم ابر آلود ہے ۔زیارت ،کان مہتر زئی ، مسلم باغ اور توبہ اچکزئی میں آج چوتھے روز بھی وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے ۔ مظفر آباد شہر اور گرد نواح بارش ہو رہی ہے اور پہاڑوں پر برفباری جاری ہے ، جس سے رابطہ سڑکیں بندہوگئی ہیں ۔جنوبی پنجاب کے شہروں رحیم یار خان اور بہاولپور میں ہلکی بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا ہے ۔