29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
وزیر اعظم نے8 وزرا کو وزارتوں کے اضافی چارج دے دیئے
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . . . متحدہ قومی موومنٹ اور جمعیت علمائے اسلا م کی وفاقی کابینہ میں شمولیت کا امکان ختم ہوگیا ہے اور وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے8 وزرا کو مختلف وزارتوں کے اضافی چارج دے دیئے ہیں۔میاں منظور وٹو کو دفاعی پیدا وار،سید نوید قمر کو وزارت پانی و بجلی اور حنا ربانی کھرکو وزارت خزانہ و اقتصادی امور کی اضافی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔وزیر اعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیرٹیکسٹائل مخدوم شہاب الدین کو ہاؤسنگ اینڈ ورکس کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ بین الصوبائی رابطہ کے وفاقی وزیر میاں رضا ربانی کو وزارت انسانی حقوق کی اضافی ذمہ داریاں دی گئی ہیں ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سید خورشید شاہ کو وزارت محنت و افرادی قوت کا اضافی چارج ، سیفران کے وفاقی وزیرانجینئر شوکت اللہ کو وزارت کھیل کی اضافی ذمہ داری جبکہ وفاقی وزیر ماحولیات ثمینہ خالد گھرکو وزارت ترقی خواتین کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔وفاقی کابینہ کی تشکیل نو کے بعد وزیراعظم نے متعدد قلم دان اپنے پاس رکھے تھے۔ ان میں سے وفاقی وزارت خارجہ،وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی،وزارت صحت اور وزارت پورٹس اینڈ شپنگ کے قلمدان بدستور انہی کے پاس ہیں۔