29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
بے نظیربھٹوکے قتل کے شواہدمشرف کی طرف جاتے ہیں،اعتزازاحسن
جنگ نیوز -
لاہور . . . . . پیپلز پارٹی کے سینئر رہ نما اور سپریم کورٹ بار کے سابق صدر چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو کے قتل کے شواہد سابق صدر مشرف کی طرف جاتے ہیں،،اس اہم ترین کیس کی تحقیقات اب تک مکمل ہو جانی چاہئے تھیں اور ملزموں کو کٹہرے میں لایا جانا چاہیے تھا۔ لاہور میں اپنی رہائش گاہ پرچوہدری برادران سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ مشرف کو بے نظیرقتل کیس میں شامل تفتیش ہو جانا چاہیے،انہوں نے کہا کہ تحقیقات مکمل ہو جاتیں تو عدالتوں سے ریڈ وارنٹ جاری ہو چکے ہوتے،اعتزاز احسن نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کواستثنا حاصل نہیں اورنہ ہی کسی سفارت کار کوقتل کرنے کا استثنا ہوتا ہے،انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی پیپلز پارٹی میں ہی ہیں، ریمنڈ ڈیوس کے متعلق انہوں نے جو مؤقف اپنایا،وہی اب حکومت کا مؤقف ہے،اعتزاز احسن نے کہا کہ آئین اور قانون کے مطابق مونس الٰہی کو انصاف ملنا چاہیے۔اس سے پہلے چوہدری شجاعت حسین،چوہدری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی نے چوہدری اعتزازاحسن سے ملاقات کی،اس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں چوہدری شجاعت نے کہا کہ ان کی ملاقات ذاتی نوعیت کی تھی۔