29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
اولمپکس فٹبال کوالیفائنگ راوٴنڈ،پاکستان ملائیشیا کا میچ لاہور میں ہو گا
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . اسٹاف رپورٹر… لندن اولمپکس فٹبال کوالیفائنگ راوٴنڈ کے سلسلے میں پاکستان اور ملائشیا کے مابین دوسر الیگ میچ لاہور کے پنجاب اسٹیڈیم میں بدھ کو کھیلا جائے گا۔ کوالیفائنگ راؤنڈ کے پہلے لیگ کا پہلا میچ ملائشیا کے شاہ عالم اسٹیڈیم میں کھیلاگیا تھا جس میں ملائشیا نے2-0 سے فتح حاصل کی تھی۔ پاکستان اور ملائشیا کے مابین یہ آٹھواں میچ ہوگا جو انڈر21 انٹرنیشنل قرار دیا جائے گا جس میں دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں سے میچز کھیلیں گی جو یکم جنوری 1989 یا اس کے بعد پیدا ہوئے ہوں گے۔ اس سے قبل دونوں ٹیمیں چھہ مرتبہ انٹر نیشنل سطح پر مقابلہ کرچکی ہیں۔ پاکستان کو دوسرے مرحلے میں جانے کیلئے 3-0 یا 4-1 سے میچ جیتنا ضروری ہو گا ملائشیا کو صرف میچ برابر رکھنے کی ضرورت ہے اور اگر یہ 1-0، 2-1 یا 3-1سے ہار بھی گئے تو اگلے مرحلے کیلئے ان کی راہ ہموار رہے گی البتہ اگر مقابلہ پاکستان کے حق میں2-0 رہا تو فاضل وقت اور پینلٹی ککس سے فیصلہ برآمد کیا جائے گا۔ فٹبال ایونٹ میں یورپ ، ایشیا، افریقاکی تین تین، جنوبی امریکہ کی دو، کونکا کاف زون کی دو، اوشیانہ کی ایک ٹیم کے علاوہ میزبان اور پلے آف ونر کوالیفائی کرے گی اور یہ پلے آف ایشیا اور افریقہ کی نمبر چار ٹیموں کے مابین ہو گا۔ ایشین زون کوالیفائی مرحلے میں پاکستان سمیت 35ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جو تین ( یا چار) سیٹ کیلئے فائٹ کریں گی۔ دیگر ٹیموں میں آسٹریلیا ، بحرین ، بنگلہ دیش ، چین ، تائیوان ، ہانگ کانگ ، بھارت ، انڈونیشیا ، ایران ، عراق، جاپان ، جنوبی کوریا ، شمالی کوریا ، کویت ، کرغستان ، لبنان ، ملائشیا ، مالدیب ، میانمار ، عمان، فلسطین، قطر ، سعودی عرب ، سنگاپور ، سری لنکا، شام ، تاجکستان ، تھائی لینڈ ، ترکمانستان، متحدہ عرب امارات ، ازبکستان، ویت نام ، اردن اور یمن شامل ہیں۔