29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
صبح نو ٹینس:طلحہ زبیر سرما والا نے انڈر 15 ٹائٹل جیت لیا
جنگ نیوز -
کراچی . . .شکیل یامین کانگا/اسٹاف رپورٹر. . . طلحہ زبیر سرما والا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈر 15 صبح نو رینکنگ ٹینس ٹائٹل جیت لیا جبکہ ماہین دادا، لائبہ خان کو شکست دیکر لیڈیز ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گئیں۔ پیر کو مینز سنگلز کا فائنل کھیلا جائے گا۔ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اسپورٹس کمپلکس کشمیر روڈ پر کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے انڈر 15 فائنل میں طلحہ زبیر نے ملک حمزہ کو سخت مقابلے کے بعد 6-4، 7-6(7-5) سے شکست دیکر ٹائٹل حاصل کیا۔لیڈیز سنگلزکے سیمی فائنل میں ماحین دادا نے لائبہ خان کو بھرپور مقابلہ کے بعد 7-5 اور 7-5 سے زیر کرکے فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انڈر 15 کے مکسڈ سیمی فائنل میں ملک حمزہ نے حس فاروق کو 6-0 اور 6-2 سے شکست دی۔ انڈر 13 مکس کے سیمی فائنل میں اظہر قادر نے ناظف احمد کو 6-4 6-4 سے اور ماریب ملک نے لائبہ خان کو 6-0 اور 6-0 سے، مکسڈ انڈر 11 کے سیمی فائنل میں ہود اظہر نے طاہم کو شکست دی۔ پیر کو مینز اور لیڈیز سنگلز کے فائنلز شام چار بجے، انڈر 11 اور 13 اور انڈر 17 کے مکسڈ فائنلز دوپہر ایک بجے کھیلے جائیں گے۔