29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
لیبیا کا بحران،عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت105ڈالر فی بیرل
جنگ نیوز -
دبئی…مشرق وسطی میں جاری بدامنی کی وجہ سے بین الاقوامی مارکیٹ میں امریکی خام تیل کی قیمت ڈھائی سال کے عرصے میں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔لیبیاسمیت کئی عرب ممالک میں سیاسی بحران اورعوامی مظاہروں کی وجہ سے خام تیل کی قیمتیں گزشتہ ڈھائی برسوں میں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔امریکی خام تیل کی قیمت ایک سو پانچ ڈالر فی بیرل کی بلند ترین سطح پرآگئی ہے۔جبکہ یورپی ممالک میں بھی تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ تیل کی صنعت سے متعلق عہدے داروں کے مطابق حالیہ بے چینی کے باعث لیبیا میں تیل کی سولہ لاکھ بیرل روزانہ کی پیداوار نصف تک کم ہوچکی ہے۔اسی لیے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہواہے ۔لیبیا افریقا میں تیل پیدا کرنے والا تیسرا سب سے بڑا ملک ہے۔اور ماہرین نے خدشات ظاہر کیے ہیں کہ صورت حال یہی رہی تو آئندہ دنوں میں خام تیل کی قیمت میں مزید اضافہ ہوسکتاہے۔