29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ذوالفقار مرزا کا بیان، ایم کیو ایم سندھ اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ کریگی
جنگ نیوز -
کراچی…ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے آج سے سندھ اسمبلی کے اجلاس اور قومی اسمبلی اورسینیٹ کے آئندہ اجلاسوں کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔سندھ اسمبلی کے بائیکاٹ کا فیصلہ ایم کیوایم رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں سندھ کے وزیرداخلہ ذوالفقارمرزاکی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے گروہ پیپلزامن کمیٹی کی اعلانیہ حمایت کرنے اوراس جرائم پیشہ گروہ کوپیپلزپارٹی کی ذیلی تنظیم قراردینے کی شدیدمذمت کی گئی اوراس سے پیداہونے والی صورتحال پرتفصیلی غورکیاگیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی وزیرداخلہ ذوالفقارمرزا پیپلزامن کمیٹی کے دہشت گردوں اورجرائم پیشہ عناصر کی مکمل سرپرستی کررہے ہیں جس کی وجہ سے کراچی میں اغوابرائے تاوان ، ڈکیتیوں، صنعتکاروں، تاجروں ، مارکیٹ انجمنوں اوردکانداروں سے بھتہ کی وصولی کی وارداتیں بڑھ گئی ہیں اب فنکاروں کوبھی بھتہ کی پرچیاں دی جارہی ہیں۔ہرشعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے عوام ان وارداتوں سے بہت پریشان ہیں اوران میں عدم تحفظ کا شدیداحساس پایاجاتا ہے۔ ایم کیوایم نے صدرمملکت، وزیراعظم ،وفاقی وزیرداخلہ اوروزیراعلیٰ سندھ سمیت تمام ذمہ دارشخصیات کو کئی باراس صورتحال سے آگاہ کیاہے ۔ ان کی جانب سے ہربار یہ یقین دہانی کرائی گئی کہ وارداتوں کی روک تھام کیلئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی اورذوالفقارمرزاکیخلاف کارروائی کی جائے گی لیکن تمام تریقین دہانیوں کے باوجودکچھ نہیں کیاگیا بلکہ کل صوبائی وزیرداخلہ نے کھلے عام پیپلزامن کمیٹی کوپیپلزپارٹی کی ذیلی تنظیم بنانے کا اعلان کیاہے لہٰذا رابطہ کمیٹی اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ ایسی صورتحال میں پیپلزپارٹی کے ساتھ نہیں چلاجاسکتا۔اجلاس میں طے کیاگیاکہ صدرمملکت اور وزیراعظم سے ملاقات کرکے رابطہ کمیٹی کے اس فیصلے سے آگاہ کردیاجائے۔ ایم کیوایم کے ارکان اسمبلی آج سے سندھ اسمبلی کے اجلاس کابائیکاٹ کرینگے اورجب قومی اسمبلی اورسینیٹ کے اجلاس ہوں توان کا بھی بائیکاٹ کیا جائے گا۔