29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس اچانک کابل پہنچ گئے
جنگ نیوز -
کابل…نیٹو کے فضائی حملے میں نو بچوں کی ہلاکت کے بعدافغان عوام کے غم و غصے کو کم کرنے اورصورتحال کا جائزہ لینے کے لئے امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس اچانک کابل پہنچ گئے۔امریکی وزیر دفاع غیر اعلانیہ دورے میں صدر حامد کرزئی، اورافغانستان میں اتحادی فوج کے سربراہ جنرل ڈیوڈ پیٹریاس سے ملاقات کے علاوہ مشرقی اور جنوبی علاقوں میں تعینات افواج سے بھی ملیں گے۔رابرٹ گیٹس کے پریس سیکریٹری کے مطابق دورے میں نو افغان بچوں کی ہلاکت پر بات چیت کاامکان زیادہ ہے،جوگزشتہ ہفتے کنر صوبے میں اتحادی افواج کے ہیلی کاپٹرز کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے تھے۔اس معاملے پر افغان صدر حامد کرزئی،جنرل ڈیوڈ پیٹریاس سے پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ بچوں کی ہلاکت کے سلسلے میں مانگی گئی معافی ’کافی‘ نہیں ہے۔صدر کرزئی کے مطابق شہری ہلاکتوں کی وجہ سے ہی افغانستان اور امریکا کے تعلقات خراب ہورہے ہیں۔ شہری ہلاکتوں کے خلاف افغان عوام نے بھی احتجاج کیاہے۔