29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
صدر زرداری نے چین کے ساتھ ایٹمی تعاون جاری رکھنے کا کہا تھا،مراسلہ
جنگ نیوز -
کراچی…چین نے اکتوبر دو ہزار آٹھ میں صدر زرداری کے دورہ کے موقع پر عالمی برادری کو یہ پیغام دیا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ایٹمی تعاون جاری ہے جس میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے تمام تقاضوں کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔اکتوبر دو ہزار آٹھ میں بیجنگ سے امریکی سفیر کے واشنگٹن بھیجے گئے مراسلے میں چینی ترجمان کی پریس بریفنگ کی تفصیل بتائی گئی ہے۔ مراسلے کے مطابق چینی ترجمان Qin گانگ کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری کا دورہ بیجنگ ، دونوں ملکوں کیلئے اہم ہے۔ صدر پاکستان کے دورے میں دونوں ملکوں کے درمیان کئی شعبوں میں تعاون پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔ ایٹمی شعبے میں تعاون کے سوال پر ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ایٹمی شعبے میں بھی تعاون جاری ہے لیکن یہ دوطرفہ تعاون برابری اور باہمی مفاد کے اصولوں پر کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ تمام بین الاقوامی معاہدوں اور عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے تقاضوں کو بھی مد نظر رکھا جاتا ہے۔