29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
پنجاب: سیلاب سے تباہی کے ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ
جنگ نیوز -
لاہور . . . . . حکومت پنجاب نے سیلاب سے تباہی کے ذمے داروں کے خلاف سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکرسخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے اور چیف سیکرٹری کوحکم دیا ہے کہ جوڈیشل انکوائری رپورٹ کی روشنی میں سمری جلدارسال کی جائے۔ پنجاب سول سیکرٹریٹ انتظامیہ نے جوڈیشل فلڈ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں وزیر اعلی کو ذمہ داروں سے آگاہ کرنے کے لئے سمری کی تیاری شروع کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں جوڈیشل فلڈکمیشن نے 16 وفاقی وصوبائی محکموں،دو امریکی ماہرین اور متاثرہ اضلاع کے متاثرہ افراد کے بیانات کو رپورٹ کا حصہ بنایا ہے۔ متاثرین کے مطابق بااثر شخصیات نے اپنی اراضی بچانے کے لئے غریبوں کے مکانات سیلاب کی نذر کر دٍئیے جبکہ دریائے سندھ کے بعض بند اور پشتے سیلاب میں ریت کی دیوار ثابت ہوئے، بعض بیوروکریٹس، سیاستدانوں اور بااثر شخصیات کے دباؤ کے نتیجے میں زیادہ نقصان ہوا۔سمری میں محکمہ آبپاشی اورمحکمہ مواصلات کے افسران ،بعض سیاستدانوں اور بااثر شخصیات کے خلاف کاروائی تجویز کی جا رہی ہے۔