29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
ایچ ای سی کا معاملہ متنازع بنایا گیا،رضا ربانی،غلط فہمی ہو ئی،اسحاق ڈار
جنگ نیوز -
اسلام آباد… سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ ایچ ای سی کے معاملے کو فضول میں متنازع بنایا گیا، وزارتوں کی منتقلی سے قبل چیئرمین ایچ ای سی اور12 وائس چانسلرز کو اجلاس میں بلایا گیا تھا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما رضا ربانی کا کہنا تھا کہ ایچ ای سی حکام کو بتایا گیا تھا کہ18 ویں آئینی ترمیم کے بعد ایچ ای سی آرڈیننس میں ترمیم کرنا پڑے گی، یہ بھی بتایا گیاتھا کہ نیا قانون بناتے وقت ایچ ای سی حکام سے دوبارہ مشاورت کی جائے گی، افسوس اس بات پر ہے کہ معاہدہ ہونے کے بعد اس معاملے پر سیاست کی کوشش کی گئی، اور غلط بیانی کرکے بے چینی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، رضا ربانی کا کہنا تھا کہ ایچ ای سی کے تحت طلبا کے ا سکالر شپ متاثر نہیں ہوں گی، جبکہ وزارتوں کی صوبوں کو منتقلی کا کام مقررہ ڈیڈلائن تک مکمل کرلیں گے، مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایچ ای سی کے معاملے پر غلط فہمی ہوئی ہے، ایچ ای سی کو تحلیل نہیں کیا جارہا، تعلیم کا شعبہ کنکرنٹ لسٹ میں شامل تھا اس لئے یہ صوبوں کومنتقل ہوگی۔