29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
جیو سوپر اور آگ پر پابندی :جاپان میں پاکستانی سفارتخانے پر مظاہرہ
جنگ نیوز -
ٹوکیو …عرفان صدیقی …جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں سفارتخانہ پاکستان کے سامنے پاکستان مسلم لیگ ن جاپان، سول سوسائٹی اور جاپانی و پاکستانی صحافیوں کی بڑی تعداد نے جیو سوپر اور آگ پر پابندی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کے وقت جاپانی پولیس اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں کی بڑی تعداد بھی کسی غیرممکنہ صورتحال کوکنٹرول کرنے کیلئے موجود تھی۔ سیکڑوں کی تعداد میں مظاہرین نے اس حکومتی اقدام پر تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر جیو سوپر اور آگ پر عائد پابندی کا خاتمہ کرے۔ اس موقع پر لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان، ا نٹرنیشنل افیئر کے جنرل سیکریٹری شیخ قیصر محمود سمیت دیگر رہنماوٴں میاں جاوید، میاں اسرار، میاں ابرار، شمس بٹ، ظفر اقبال چوہدریاور دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم لیگ ن جاپان اور انٹرنیشنل افیئر پوری پاکستانی قوم اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرح یہ سمجھتی ہے کہ جنگ گروپ وہ واحد ادارہ ہے جس نے ہمیشہ شخصی حکومت کے نہیں بلکہ قوم اور ملکی مفاد کو مقدم رکھا ہے اور ہر موقع پر حق کی آواز کو بلند کیا ہے چاہے وہ جمہوریت کی بحالی کا موقع ہو یا عدلیہ کی آزادی کا موقع، پوری قوم جانتی ہے کہ جنگ گروپ نے ہمیشہ ذاتی نقصانات کو برداشت کرتے ہوئے ملک کے مفاد میں کام کیا ہے، اسی طرح جیو سوپر وہ قومی چینل ہے جس نے پاکستان میں جاری انتشار، بدامنی اور حکومت وقت کی غیر ذمہ دارانہ پالیسیوں کے باعث قوم میں پھیلے ہوئے احساس محرومی کے باوجود اپنے چینل پر ورلڈکپ نشر کرکے پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونے کا موقع فراہم کیا باوجود اس کے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے اس وقت بھی جیو سوپر کوبند کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن عدلیہ کی فوری مداخلت اور عوام کے شدید دباؤ کے باعث حکومت جیوسوپر کو اس وقت بند کرنے میں ناکام رہی، لیکن گزشتہ کئی دنوں سے جیوسوپر کو بند کرکے حکومت جنگ گروپ کو شدیدمالی نقصان پہنچا کر حق کی آواز کو روکنا چاہتی ہے، تاکہ کھل کر کرپشن کی جاسکے اور کوئی اس کے خلاف آوازبلند کرنے والا نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی جاگ چکے ہیں اور حکومت کو مجبور کردیا جائے گا کہ وہ میڈیا کی آواز کو دبا نہ سکے۔ پاکستان مسلم لیگ ن انٹرنیشل افیئر یہ اعلان کرتی ہے کہ اگر حکومت نے اگلے سات دنوں میں جیو سوپر پر سے پابندی ختم نہ کی تو نہ صرف جاپان بلکہ امریکہ اور برطانیہ میں پاکستانی سفارتخانوں کے سامنے بھی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ مل کر ایک دن کی علامتی بھوک ہڑتال کی جائے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سفارتخانہ پاکستان جاپان میں مقیم پاکستانیو ں کا احتجاج حکومت پاکستان تک پہنچائے اور حکومت کو صورتحال کو بہتر طریقے سے حل کرنے کی صلاح دے بصورت دیگر پاکستان کا نام دنیا بھر میں بدنام ہوگا اور اس کی تمام تر ذمہ داری پیپلز پارٹی کی حکومت پر ہوگی۔