29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
جھوٹی رپورٹس بڑھتی مقبولیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، رابطہ کمیٹی
جنگ نیوز -
کراچی …متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ذرائع ابلاغ میں بعض مخصوص عناصر کی جانب سے ایم کیوایم کے خلاف جھوٹی اور من گھڑت رپورٹس کی اشاعت اور ایم کیو ایم کے میڈیا ٹرائل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس میڈیا ٹرائل کو انصاف کے اصولوں کے منافی اورایم کیوایم کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کونقصان پہنچانے کی کوششوں کاحصہ قراردیا ہے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ماضی میں بھی ایم کیوایم کوختم کرنے اورعوام میں اس کاامیج خراب کرنے کیلئے سرکاری ایجنسیوں کی تیارکی گئی من گھڑت اوربے بنیاد رپورٹوں کو جواز بنا کر ایم کیو ایم پر جناح پور سازش، حکیم سعید قتل کیس اوردیگر من گھڑت اور جھوٹے الزامات لگائے گئے، ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں کو مجرم ثابت کرنے کی کوشش کی گئی اور ایم کیو ایم کا میڈیا ٹرائل کیا گیا لیکن 17 سال بعد یہ حقائق دنیا بھر کے سامنے آچکے ہیں کہ ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے اور ایم کیوایم کے خلاف آپریشن کرنے والی سرکاری ایجنسیوں کے افسران خود ٹیلی ویژن پر آکر اعتراف کرچکے ہیں کہ جناح پور سازش ایم کیوایم کے خلاف محض ڈرامہ تھی اسی طرح دیگرالزامات بھی جھوٹے اور غلط تھے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اب جبکہ ایم کیوایم کا حق پرستانہ فکروفلسفہ صوبہ پنجاب سمیت ملک بھر میں فروغ پارہا ہے تو ایم کیوایم کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت کونقصان پہنچانے کیلئے ایک مرتبہ پھرایم کیوایم کا میڈیا ٹرائل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور میڈیاکے بعض عناصرایم کیوایم کے خلاف انہی من گھڑت اور بے بنیاد الزامات پرمبنی رپورٹس دوبارہ شائع کررہے ہیں جن کی سرکاری ایجنسیوں کے سابق حکام ٹی وی پر آکرخودتردید کرچکے ہیں ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ گزشتہ چار ماہ کے دوران کراچی میں ایم کیوایم کے 83 کارکنان وہمدردوں کو شہید کیا جاچکا ہے ،ہماراسوال یہ ہے کہ ایم کیوایم کے ان شہیدکارکنوں کے قاتل کون ہیں اوران کی جوائنٹ انٹیروگیشن (JIT) رپورٹ کہاں ہے؟ قوم کوبتایاجائے کہ سانحہ شیرشاہ کے قاتل کہاں ہیں؟ان کی JIT رپورٹ کہاں ہے؟ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیو ایم اظہارِ رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے اوریہ سمجھتی ہے کہ اظہارِ رائے کی آزادی کے نام پر لاکھوں عوام کی نمائندہ جماعت کی کردار کشی اورمن گھڑت الزامات لگانے کے عمل کوکسی بھی طرح درست اورجائزقرارنہیں دیاجاسکتا ۔لہٰذا ذرائع ابلاغ کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کی تیسری بڑی جماعت کا میڈیا ٹرائل کرنے سے گریزکرنا چاہئے ، کون مجرم ہے اور کون نہیں ہے اس کا فیصلہ عدالت پر چھوڑدینا چاہئے۔رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیو ایم انصاف و قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی پر یقین رکھتی ہے، ایم کیوایم مجرمانہ سرگرمیوں اورجرائم پیشہ عناصرکی ہمیشہ خلاف رہی ہے اور چاہتی ہے کہ جرائم پیشہ عناصرکو کڑی سے کڑی سزا دی جائے خواہ ان کا تعلّق ایم کیوایم سمیت کسی بھی جماعت سے کیوں نہ ہو۔