تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59

بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ ، بلوچستان میں پانی بھی نایاب ہوگیا

جنگ نیوز -
اسلام آباد…ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کو پریشان کررکھا ہے۔ بلوچستان کے کئی علاقوں میں بدترین لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے پانی کی شدید قلت ہوگئی ہے جبکہ سندھ میں امتحانات دینے والے طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شمالی بلوچستان کے بیشتر شہروں میں دس سے بارہ اور دیہی علاقوں میں پندرہ سے اٹھارہ گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کو شدید اذیت میں مبتلا کررکھا ہے۔ جعفرآباد، نصیر آباد اور جھل مگسی میں سولہ سے اٹھارہ گھنٹوں کی بدترین لوڈشیڈنگ کے سبب پینے کے پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ملتان شہر میں آٹھ سے دس گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں اور جنوبی پنجاب کے اضلاع خانیوال، مظفرگڑھ، لودھراں اور وہاڑی میں12سے14 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ اس صورت حال سے شہریوں خصوصاً طلبہ، تاجروں اور محنت کش طبقے کو پریشانی کا سامنا ہے۔ سرگودھا کے شہری علاقوں میں آٹھ سے دس اور دیہی علاقوں میں چودہ گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ سے عوام عذاب میں مبتلا ہیں۔ بجلی کی طویل بندش کے سبب محکمہ واٹر سپلائی کی موٹریں بند ہونے سے لوگوں کو پانی کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ سندھ میں حیدرآباد، جام شورو، لاڑکانہ اور میر پور خاص میں دس سے بارہ گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ صوبے میں میٹرک کے امتحانات دینے والے طلبہ کو بجلی کی بندش سے مشکلات کا سامنا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.