29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
سیف عباس کے گھر پر فائرنگ کا نوٹس لیاجائے ، متحدہ رابطہ کمیٹی
جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے نامعلوم مسلح دہشت گردوں کی ایم کیوایم شعبہ اطلاعات کے جوائنٹ انچارج سیف عباس کے گھر پر فائرنگ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اورفائرنگ کے اس واقعہ کو کھلی دہشت گردی قرار دیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب نامعلوم مسلح دہشت گردوں نے سیف عباس کے گھر پر فائرنگ کی جس کے باعث ان کے گھر کے باہر کھڑی گاڑی کو نقصان پہنچا ۔ رابطہ کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیف عباس کے گھر پر مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور اس میں ملوث مسلح دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے ۔دریں اثناء رابطہ کمیٹی نے ملتان پریس کلب کے صدر شکیل انجم کے بھائی عبد الوکیل قریشی ،کراچی کے صحافیوں تنویر بیگ کی والدہ محترمہ اور ارشاد حسین کے بھائی کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہا رکیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے مرحومین کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی ۔ رابطہ کمیٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے ۔ دریں اثناء ملتان پریس کلب کے صدر شکیل انجم کے بھائی عبد الوکیل قریشی کو کراچی کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔ مرحوم کی نما جنازہ بلدیہ ٹاؤن نمبر 3مہاجر کیمپ میں ادا کی گئی ۔ نماز جنازہ او رتدفین میں وزیراعلیٰ سندھ کے حق پرست مشیر خواجہ اظہار الحسن ، حق پرست رکن سندھ اسمبلی حنیف شیخ ، صحافی برادری سے وابستہ افراد اور مرحوم کے عزیز و اقارب نے شرکت کی ۔