29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
پاکستان اور آئی ایم ایف مذاکرات،قرض کی اگلی قسط کا معاملہ طے نہ ہوسکا
جنگ نیوز -
واشنگٹن. . . .. . . .پاکستان اور آئی ایم ایف حکام کے درمیان واشنگٹن میں جاری مذاکرات کا آخری راؤنڈ ختم ہوگیا،تاہم قرض کی اگلی قسط کے اجرا کا معاملہ طے نہیں ہوسکا۔ وفاقی وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا اگلا دور مئی میں پاکستان میں ہوگا۔جیونیوز کے نمائندے عظیم ایم میاں سے ٹیلی فون پرگفتگومیں بات کرتے ہوئے فاقی وزیرخزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف حکام کو پاکستان کی معیشت کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا اور پاکستان وفد کا دورہ واشنگٹن مفید رہا تاہم قرضے کی اگلی قسط کے اجرا کا معاملہ طے نہیں ہوسکا۔اس سے پہلے عبدالحفیظ شیخ نے واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورہ امریکا کا مقصد آئی ایم ایف اورامریکی حکام کے ساتھ مذاکرات اور امریکی نجی شعبے کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینا تھا۔ ان کا کہناتھا کہ پاکستان کی معیشت کو بہتربنانے کے لیے اپنے اخراجات کو کنٹرول کیا ہے اور بہت سے امور صوبوں کو منتقل کیے گئے ہیں،اگرمعاشی اور مالی اصلاحات جاری رکھی جائیں تو اچھے نتائج نکلیں گے۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ پاکستان کو تمام امریکی امداد کیری لوگر بل کے تحت ملتی ہے، جس میں شفافیت ہے ۔