29 مئی 2011
وقت اشاعت: 5:59
خیبرپختونخوا:14کنٹریکٹ افسران عہدوں سے فارغ
جنگ نیوز -
پشاور...خیبرپختونخوا حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کنٹریکٹ پررکھے گئے چودہ افسروں کو ان کے عہدوں سے فارغ کردیا ہے۔ فارغ ہونیوالوں میں سے بعض نے ہائی کورٹ سے حکم امتناعی حاصل کرلیا۔سرکاری نوٹی فکیشن کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے گریڈ17سے20تک چودہ افسروں کو فارغ کردیا ہے ، جن میں محکمہ پولیس کے چار، محکمہ محنت کے چار، محکمہ تعلیم کے دو افسران ، صحت اور گورنر انسپکشن ٹیم کے ایک ایک افسر شامل ہے۔ فارغ ہونیوالوں میں گریڈ اٹھارہ کے ایس پی محمد رفیق خان ، ڈی پی او مردان واقف خان ، ڈی پی او لوئر دیرممتاز زرین ، ڈی ایس پی ہنگو جہانزیب خان ، گریڈ انیس کے چیئرمین ہیلتھ سروسز ٹریبونل سالار خان ،چیئرمین ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی مظفر خان ، گریڈ سترہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈبلیو ڈبلیو بی انور مجید ،اسسٹنٹ سیکرٹری چلڈرن ایجوکیشن بورڈ مکرم خان ،ڈی جی سوشل سکیورٹی سید لیاقت علی شاہ اور گریڈ بیس کے سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ محمد طارق اعوان شامل ہیں جبکہ محکمہ تعلیمی بورڈ پشاور کے چیئرمین فرہادجان ، تعلیمی بورڈ کوہاٹ کے چیئرمین خان محمد خلیل اور تعلیمی بورڈ سوات کے سیکرٹری کے ڈاکٹر عثمان علی کو بھی فارغ کردیا گیا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق گورنر انسپکشن ٹیم کے چیئرمین بریگیڈئر ریٹائرڈ سلیم اشرف بھی فارغ ہونیوالوں میں شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین مظفر خان نے فارغ کئے جانے کے حکومتی فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ کے حکم امتناعی حاصل کرلیا ہے ۔